حنائی خاک ظہیرآباد کی گواہی دے
کہ ہر نفس میں وفا کی راہ سچائی دے
لہو سے سینچی ہے جس نے چمن کی مٹی کو
وہی زمیں ہے جہاں کی خاک شیدائی ہو
(ڈاکٹر جاں نثار معینؔ)
:خصوصی نامہ نگارحیدراباد
شہرِ ظہیرآباد کی روایات ہمیشہ سے محبِ وطن جذبے اور ولولے کی آئینہ دار رہی ہیں۔ یومِ جمہوریہ ہو یا یومِ آزادی، یہاں کے گلی کوچے خوشی کے ترانوں اور وطن سے محبت کے قصیدوں سے گونج اٹھتے ہیں۔ انہی جذبوں کی شاندار مثال اس بار ثمرات منڈی میں 76 ویں یومِ جمہوریہ کی پرچم کشائی کی صورت میں نظر آئی۔
فروٹ مارکیٹ ہول سیل اینڈ ریٹیل ایسوسی ایشن کے صدر جناب محمد یوسف شریف کی قیادت میں تاجروں، رہنماؤں، اور عوام نے اس تقریب کو خاص بنایا۔ جناب محمد مصطفیٰ، محمد مولا، محمد علی، محمد منصور، محمد فردوس، محمد قمر، محمد معین، محمد ضمیر، اور سید احمد سماجی کارکن، محمد یوسف اور ایوب خان (ٹیپو کرانتی سینا) کے علاوہ فیاض کرائم رپورٹر بھی شریکِ تقریب رہے۔ مقامی عوام نے بڑی تعداد میں اس خوبصورت موقع پر شرکت کی اور پرچم کشائی کے جذبے کو مزید جِلا بخشی۔
اس موقع پر تلنگانہ فریڈم فائٹر ڈاکٹر جاں نثار معینؔ نے ملک و ملت کی خدمت کے عزم کو دہراتے ہوئے تمام سماجی رہنماؤں اور عوام کے جذبات کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کا بیڑہ اٹھایا۔ انھوں نے کانگریس سینئر لیڈر ڈاکٹر اجول ریڈی صاحب کو ایک یادداشت پیش کی جس میں کیٹل مارکیٹ کی منتقلی اور اسی مقام پر رائتو بازار کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹر جاں نثار معینؔ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “شہر کے قلب میں موجود کیٹل مارکیٹ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے بلکہ گرد و غبار، آلودگی، اور راستوں کی تنگی عوام کی صحت و سلامتی پر سنگین اثر ڈال رہی ہے۔” انھوں نے زور دیا کہ عزت مآب وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی صاحب کو فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور عوام کو اس پریشانی سے نجات دلانی چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے وطن سے محبت اور خدمت کے جذبے کا عہد کیا۔ عوام کی جانب سے یہ امید ظاہر کی گئی کہ جلد ہی ان کے مطالبات پورے ہوں گے اور ایک جدید، صاف ستھرا رائتو بازار ان کی زندگیوں میں آسانیاں لائے گا۔
جئے ہند ! جئے جئے تلنگانہ
Please follow and like us: