Site icon TIMES OF PEDIA

گجرات میں طب یونانی کا کھویا ہوا وقار ہوگا بحال

گجرات میں طب یونانی کا کھویا ہوا وقار ہوگا بحال

گجرات میں طب یونانی کا کھویا ہوا وقار ہوگا بحال

گجرات میں طب یونانی کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائےگی: مشتاق کھادی والا

احمد آباد:04/10/2026 سردار ولبھ بھائی پٹیل اسمارک بھون، احمد آباد میں آل انڈیا یونانی طبی کانگریس گجرات کے زیر اہتمام یونانی ڈاکٹرز میٹ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے یونانی ڈاکٹروں، ماہرینِ طب، سماجی شخصیات اور دانشوروں نے شرکت کی۔ پروگرام میں گجرات میں طب یونانی کے فروغ، اس کی نمائندگی اور تحقیقی و تعلیمی سہولیات کی توسیع سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مقامی کونسلر مشتاق کھادی والا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گجرات میں طب یونانی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے طب یونانی کی ترقی اور اس سے وابستہ طبی برادری کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے مطالبہ کیا گیا کہ گجرات یونانی اینڈ آیورویدک کونسل میں طب یونانی کو مناسب نمائندگی دی جائے اور سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (CCRUM) کا ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ گجرات میں قائم کیا جائے، تاکہ ریاست میں یونانی طب کی تحقیق، ترقی اور فروغ کو نئی سمت مل سکے۔

پروگرام کی صدارت پروفیسر سید محمد عارف، سابق ڈین جامعہ ہمدرد، نئی دہلی نے کی۔ اس موقع پر دہلی سے آل انڈیا یونانی تِبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خاں کے علاوہ ڈاکٹر محمد اسلم علیگ، ڈاکٹر محمد رفیق، ڈاکٹر عبدالمجید قاسمی، ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی، ڈاکٹر محمود عالم، ڈاکٹر اعزاز علی قادری، ڈاکٹر خورشید عالم,حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی اور محمد عمران قنوجی نے شرکت کی۔

ناگپور سے ڈاکٹر شیخ محمد یعقوب اور اورنگ آباد سے پروفیسر عبدالرحمان سوداگر بھی خصوصی طور پر پروگرام میں شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر محمد اشرف انصاری، ڈاکٹر سمیع اللہ خاں پٹھان، ڈاکٹر طاہر راجپوت، ڈاکٹر تمیم قریشی اور سینئر صحافی ساحل قریشی سمیت متعدد اہم شخصیات نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

پروگرام کی نظامت ڈاکٹر یاسر قریشی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی، جبکہ تمام شرکاء کا شکریہ ڈاکٹر اکبر شر گاونکر نے ادا کیا۔ اجلاس میں طب یونانی کے فروغ، طبی اداروں کے استحکام اور گجرات میں یونانی نظامِ علاج کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Exit mobile version