Site icon TIMES OF PEDIA

قطر میں مقیم شاعر عزیز نبیل کے اعزاز میں شعری نشست کا انعقاد

aziz baneel

نئی دہلی: (پریس ریلیز)

قطر میں مقیم معروف شاعر عزیز نبیل کے اعزاز میں ایک خصوصی شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ نگر کے ابوالفضل انکلیو میں واقع معروف داستان گو ساحل آغا کے اسٹوڈیو میں منعقدہ اس نشست کا اہتمام دوردرشن سے وابستہ اینکر سعدیہ علیم نے داستان گوئی آفیشل کے اشتراک سے کیا۔

نشست کی صدارت ڈیجیٹل نیوز پورٹل اور میڈیا پلیٹ فارم ٹائمس آف پیڈیا کے ایڈیٹر اِن چیف علی عادل خان نے کی، جب کہ نیوز ایجنسی ویب وارتا کے ایڈیٹر محمد ارشاد سعید مہمانِ خصوصی اور انڈیا ٹی وی سے وابستہ سید عامر اور ویب وارتا کے نسیم احمد مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود تھے۔

نظامت کے فرائض معین شاداب نے بخوبی انجام دیے۔ انھوں نے صاحبِ اعزاز عزیز نبیل کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ عزیز نبیل اردو کے معروف شاعر، ادیب اور ادبی مدیر ہیں اور 1999ء سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقیم ہیں۔ شاعری کے ساتھ تحقیق و تدوین کے میدان میں بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔

وہ ادبی مجلے ’دستاویز‘ کے مدیرِ اعلیٰ اور انجمن محبانِ اردو ہند، قطر کے جنرل سکریٹری بھی رہے ہیں۔ اردو شعر و ادب کے فروغ کے لیے ان کی ادبی سرگرمیاں خلیجی ممالک اور برصغیر کے ادبی حلقوں کے درمیان ایک اہم رابطے کا وسیلہ ہیں۔

صدارتی کلمات میں علی عادل خان نے کہا کہ ادبی نشستیں شعر و ادب کے فروغ، تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور اہلِ قلم کے درمیان فکری و تہذیبی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اہلِ علم و ادب کی پذیرائی دراصل علم، فن اور تخلیقی اقدار کے احترام کا اظہار ہے۔

نشست میں جن شعرا نے شرکت کی اور اپنا کلام پیش کیا، ان میں صاحبِ اعزاز عزیز نبیل کے علاوہ شاہد انجم، معین شاداب، خالد اخلاق، انس فیضی، وسیم راشد، سریتا جین، اندو گپتا، ابھیشیک تیواری اور سعدیہ علیم کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر داستان گو ساحل آغا اور دیکشا تیواری نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

آخر میں میزبان سعدیہ علیم اور ساحل آغا نے تمام مہمانوں، شعرا اور شرکا کی آمد اور بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسی ادبی محفلوں کے ذریعے اردو زبان و ادب کے فروغ اور اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا

Exit mobile version